مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے ’’جامِ میڈیا امید‘‘ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ بسیج، زندگی کے تمام شعبوں میں قوم کے عزم و ارادے کا مظہر ہے۔ ہمیں بسیج اور اس کی ثقافت کی قدر کرنی چاہیے۔ میرا خیال ہے کہ سب سے بڑھ کر خود بسیجیوں کو بسیج کی قدر و منزلت کو پہچاننا چاہیے اور اس راستے پر روز بروز زیادہ مضبوطی اور اتحاد کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔
قالیباف نے کہا کہ ہمارے جاں نثار نوجوانوں نے ان لوگوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے جو یہ تصور کر رہے تھے کہ انقلاب اور اسلامی نظام زوال کی جانب گامزن ہیں۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے مزید کہا کہ میں نے انقلابِ اسلامی کی کامیابی کا زمانہ اپنی نوجوانی اور ابتدائی جوانی میں دیکھا ہے۔ میرا ماننا ہے کہ ہمارے جاں نثار نوجوان اس جنگ میں پہلے سے زیادہ جوش و جذبے کے ساتھ، تعداد اور معیار دونوں اعتبار سے زیادہ وسیع اور طاقتور انداز میں میدان میں اترے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جاں نثار نوجوانوں نے اپنی موجودگی سے اسلام کے دشمنوں کو ناکام بنا دیا۔ میں ہفتۂ بسیج کی مناسبت سے ان تمام عزیزوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ ہم اس راستے پر پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔
قالیباف نے کہا کہ آج ہمیں اس سوال کا جواب دینا چاہیے کہ ہم ایران کو مزید طاقتور کیسے بنا سکتے ہیں اور یہ ہدف کس طرح حاصل ہوگا؟ اس راستے میں علم کو کارآمد بنانا اور اسے ٹیکنالوجی میں تبدیل کرنا اہم امور میں سے ایک ہے۔
پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ رہبرِ انقلاب نے چند ہفتے قبل ہی فرمایا تھا کہ ’’نہ جنگ، نہ صلح‘‘ کی صورتِ حال جاری نہیں رہ سکتی اور اس صورتِ حال کا فیصلہ ہونا چاہیے۔ اب سوال یہ ہے کہ اس صورتِ حال کا فیصلہ کیسے، کن لوگوں کے ذریعے اور کن اقدامات سے کیا جائے؟
انہوں نے واضح کیا کہ دشمن ’’نہ جنگ، نہ صلح‘‘ کی صورتِ حال ہم پر مسلط کرنا اور ملک کو ایک تھکا دینے والے راستے پر ڈالنا چاہتا ہے۔ اس صورتِ حال سے نکلنے کا راستہ پائیدار دفاعی صلاحیت حاصل کرنا ہے۔ پائیدار دفاعی صلاحیت کا مطلب ملک کو طاقتور بنانا ہے۔
قالیباف نے کہا کہ جنگ بلاشبہ تلخ اور دشوار ہوتی ہے، لیکن جس طرح امام خمینیؒ نے فرمایا تھا، جنگ ایک یونیورسٹی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں تبدیلی لانے اور اسے مضبوط بنانے میں جنگ کی قوت، اس کے نقصانات اور تباہ کاریوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہوتی ہے۔ اس حوالے سے بہت سے شواہد اور حقائق موجود ہیں۔
قالیباف نے کہا کہ اگر ہم عراق کی بعثی حکومت کے ساتھ مسلط کردہ جنگ کے اس وقت سے لے کر آج تک کے مختلف شعبوں میں حاصل ہونے والے ثمرات کا جائزہ لیں تو دیکھیں گے کہ آج ملک کی طاقت کا ایک بڑا حصہ اسی جنگ کی جڑوں سے وابستہ ہے، باوجود اس کے کہ ہمیں اس جنگ میں بے شمار نقصانات اور تباہ کاریوں کا سامنا کرنا پڑا۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ دوسری اور تیسری مسلط کردہ جنگوں کی برکتیں اور کامیابیاں بنیادی طور پر آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ سے قابلِ موازنہ نہیں ہیں۔ بعض اوقات میں ذرائع ابلاغ میں دیکھتا ہوں کہ حالیہ جنگوں کا موازنہ آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ سے کیا جاتا ہے، حالانکہ یہ موازنہ بنیادی طور پر درست نہیں، کیونکہ ان جنگوں کے حالات میں بنیادی نوعیت کے فرق موجود ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر ہمیں حالیہ جنگوں میں بھی آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ کے دور کے انہی طریقوں، علم اور جنگی حکمتِ عملی کے ساتھ لڑنا پڑتا تو ہم ایک دن بھی مقابلہ نہیں کر سکتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے شہید امام نے مسلح افواج اور دفاعی صلاحیت کے شعبے میں، بحیثیتِ کمانڈر اِن چیف، اس انداز سے ادارہ جاتی ڈھانچے کی بنیاد رکھی ہے کہ کمانڈروں کی شہادت کے باوجود کمانڈ کا نظام مضبوط رہتا ہے، جس پر دشمن بھی حیران ہیں۔ ان کا خیال تھا کہ اعلیٰ فوجی کمانڈروں کو نشانہ بنا کر اور ان کے بقول ’’لان موور آپریشن‘‘ (گھاس کاٹنے والی مشین کی کارروائی) کے ذریعے ملک کے کمانڈ سسٹم کو مفلوج کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاشبہ شہید سلامی اور شہید سلیمانی جیسے کمانڈروں کا کوئی متبادل نہیں ہو سکتا، لیکن مسلح افواج کی مضبوط ادارہ سازی اور مستحکم ڈھانچے نے کمانڈروں کی شہادت کے باوجود کمانڈ کے نظام کو ٹوٹنے سے محفوظ رکھا ہے۔ اس مضبوط ڈھانچے کا نتیجہ یہ ہے کہ دشمن اپنی تمام کارروائیوں اور حملوں کے باوجود اپنی فوجی صلاحیت کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے اور اپنے مطلوبہ اہداف حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔ یہی دفاعی صلاحیت کا مفہوم ہے۔
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ محض سفارت کاری کے ذریعے ملک سے جنگ کا خطرہ دور نہیں کیا جا سکتا، بالکل اسی طرح جیسے صرف جنگ لڑنے سے بھی اس خطرے کا خاتمہ ممکن نہیں۔ سفارت کاری اور جنگ، دونوں دفاعی صلاحیت کی طاقت حاصل کرنے کے ذرائع ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے فضائی صنعت کے شعبے سے متعلق ایک اجلاس میں اس بات کی جانب اشارہ کیا تھا کہ تہران ـ کرج شاہراہ کے ایک طرف ایران کی خودروساز کمپنی ’’ایران خودرو‘‘ کی صنعت قائم ہے، جبکہ دوسری جانب ملک کی فضائی و خلائی صنعت واقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دونوں صنعتیں ایک ہی ملک میں کام کر رہی ہیں، لیکن فضائی صنعت نے جنگ کے دور کی ضروریات اور مسلح افواج کے انتظامی و تنظیمی ڈھانچے میں تبدیلیوں کی بنیاد پر ترقی کرتے ہوئے ایسا مقام حاصل کیا ہے کہ آج بلاشبہ ایران اس شعبے کی دنیا کی چار بڑی طاقتوں میں شامل ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے تیسرے ’’جامِ میڈیا امید‘‘ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بیانیے کی جنگ میں ذرائع ابلاغ کو یہ سمجھنا چاہیے کہ ہم دشمن کے مقابلے میں فوجی میدان اور سفارت کاری و مذاکرات، دونوں شعبوں میں کامیاب رہے ہیں اور دشمن کو شکست دے چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں عوام کے درمیان کامیابی کے احساس کو زندہ رکھنا چاہیے اور غلط باتوں، غلط معلومات اور غلط تجزیوں کو اس بات کی اجازت نہیں دینی چاہیے کہ وہ سیاسی اور فوجی میدانوں میں حاصل ہونے والی کامیابی کی خوشی کو عوام کے لیے تلخی میں بدل دیں۔ عوام کامیاب ہوئے ہیں اور ایران کامیاب ہوا ہے۔ ہمیں معاشرے پر شکست کا احساس مسلط نہیں کرنا چاہیے۔ یہ معاملہ ذرائع ابلاغ کے اختیار میں ہے اور اس احساس کی تشکیل اور اسے برقرار رکھنے میں ان کا اہم کردار ہے۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ آج دشمن کے مقابلے میں ہماری طاقت کا سب سے اہم عنصر سماجی اتحاد ہے اور ہمیں اس اتحاد کے تحفظ اور اسے مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرنی چاہئیں۔
واضح رہے کہ قومی سطح پر ’’جامِ میڈیا امید‘‘ کے تیسرے ایڈیشن کا انعقاد ملک میں مواد کی تیاری اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے اس کی اشاعت کا سب سے بڑا ایونٹ اور مقابلہ ہے۔
یہ پروگرام 22 اور 23 نومبر کو ایران کے 31 صوبوں سے تعلق رکھنے والے صحافیوں اور میڈیا کارکنوں اور دنیا کے 12 ممالک کی 25 ٹیموں کی شرکت سے منعقد ہوا۔
آپ کا تبصرہ